الہدی نیٹ ورک کا مقصد قرآن کریم کو سمجھنا اور اس کی تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کرنا ہے. بے شک قرآن ہدایت ہے متقین کے لئے اور زندگی کے تمام معملات میں انسان کی راہنمائی کرتا ہے. قرآن سے ہدایت حاصل کرنے کے لیئے اس کو سمجھنا لازمی ہے. لیکن خاص کر مسلمانوں کے لئے یہ بات لمحہ فکریہ ہے کہ پہلے تو بہت کم تعداد ایسے لوگوں کی ہے جو کہ قرآن کو باقاعدگی سے پڑھتے ہیں اور جو پڑھتے ہیں ان میں بھی بہت کم ہیں جو اس کو سمجھتے ہیں. لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ قرآن کی تعلیم ہر خاص وعام کے لئے اتنی آسان بنائی جائے کو وہ اپنی زندگی کی مصروفیات میں سے ٹائم نکال کر قرآن کو سمجھے پھر ہی اس سے توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ اس کے احکامات پر عمل کرے گا.
اللہ تعالی نے قران کے آغاز میں ہی اس سے ہدایت حاصل کرنے والوں کی خصوصیات بیان کردی ہے کہ “جو غیب پرایمان لاتے اور آداب کے ساتھ نماز پڑھتے اورجو کچھ اللہ نے ان کوعطا فرمایا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں. اور جو کتاب (اے محمدﷺ) تم پرنازل ہوئی اورجو کتابیں تم سے پہلے (پیغمبروں پر) نازل ہوئیں سب پر ایمان لاتے اورآخرت کا یقین رکھتے ہیں. یہی لوگ اپنے پروردگار (کی طرف) سے ہدایت پر ہیں اور یہی نجات پانے والے ہیں” (سورت بقرہ، آیات 2 تا 5).
موجودہ زمانہ جو کہ کارپوریٹ کلچرکا زمانہ کہلاتا ہے، اس میں ہر انسان روزی روٹی کمانے میں اتنا مصروف ہوگیا ہے یا اس کو معاشی طور پر اس حد تک مجبور کردیا گیا ہے کہ وہ جب تک دن میں 12 گھنٹے کام نہ کرے اس کے لئے زندگی گزارنا مشکل ہوجاتا ہے. اور اتنی مصروفیت کے باعث اس کے لیے اپنے آپ کے لئے بھی ٹائم نکالنا مشکل ہوگیا ہے کہ نماز اور قرآن سے بھی دور ہوگیا ہے. تاہم اس جدید دور کی ایک خوبی یہ ہے کہ اب ہر انسان کے ہاتھ میں ایک موبائل ہے جس میں دنیا جہان کے علم کا خزانہ موجود ہے. اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے الہدی نیٹ ورک کے تحت اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ قران کی آیات کا آسام فہم ترجمہ اور تشریح ایک ایک آیت کی صورت میں اس ویب سائٹ پراور دیگر بڑے سوشل نیٹ ورکس پر شییر کی جائے گی تاکہ ہر انسان جس کے اندر اللہ نے خیر کا مادہ رکھا ہے اور ہدایت کی جستجو ہے اور اس انتہائی مصروف زندگی میں بھی چلتے پھرتے، اٹھتے بیٹھتے قرآن کریم کی جتنی بھی آیات کا مطالعہ اور تلاوت کرسکے کرلے.
اس آن لائن نشرواشاعت کے علاوہ بھی الہدی نیٹ ورک کے تحت کوشش کی جائے گی کہ قرآن اکیڈمی کے ذریعے قران پاک کی تعلیم ہر انسان تک مفت پہنچائی جائے جس میں علمائے دین قران کی تعلیم عام فہم زبان میں دیں اور جو قران کو حفظ کرنے یا اس کی تفسیر پڑھنا چاہتا ہو اس کے لئے ایڈوانس کلاسز شروع کی جائیں. بے شک اللہ جس کو چاہے ہدایت دے دے اور جس کے ذریعے وہ اپنا پیغام اپنے بندوں تک پہنچانا چاہے پہنچا دے. بے شک اللہ تعالی ہر شے پر قادر ہے. ہماری یہ ایک کوشش اور نیت ہے اور اللہ تعالی سے دعا ہے وہ اس کو قبول فرمائے اور اس کام کو ہمارے لئے ذریعہ نجات بنا دے.